کابل8؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)افغانستان میں مزید دو غیر ملکیوں کواغواکر لیاگیاہے۔ افغان حکام نے بتایا ہے کہ اتوار کے روز دارالحکومت کابل میں اغوا کیے جانے والے ان دو پروفیسروں کا تعلق آسٹریلیا اور امریکا سے ہے۔نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اغوا کنندگان نے افغان سکیورٹی فورسز کی وردیاں پہن رکھی تھیں اور اُنہوں نے ان پروفیسروں کو دارالحکومت کابل کے عین وسط میں واقع ایک علاقے سے اغوا کیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ پروفیسر امیریکن یونیورسٹی آف افغانستان سے وابستہ تھے اور اتوار کی شام اپنی گاڑی میں کابل کی دارلامان روڈ پر سفر کر رہے تھے، جب مسلح افراد نے اُنہیں گن پوائنٹ پر اغوا کر لیا۔ تاحال کسی بھی گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔افغانستان میں گزشتہ دنوں کے دوران مختلف ہائی ویز پر اغوا اور قتل کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ حکام کے مطابق حفاظتی چوکیوں کو کم کرنے کے منصوبے پر ایک مرتبہ پھر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس واقعے کے دوران ڈرائیور کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور اب اُس سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ایک سکیورٹی اہلکار کے مطابق اس واقعے میں چار مسلح افراد ملوث تھے۔اے ایف پی کے مطابق افغان دارالحکومت آج کل جرائم پیشہ گروہوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، جن کا یہ معمول ہے کہ وہ غیر ملکیوں اور دولت مند افغانوں کو اغوا کرتے ہیں اوراُنہیں محض تاوان کی ادائیگی کے بدلے رہا کرتے ہیں یا کئی بار آگے باغی گروپوں کے بھی حوالے کر دیتے ہیں۔اے ایف پی کے رابطہ کرنے پر امریکی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اُسے ایک امریکی شہری کے کابل میں اغوا کر لیے جانے کی خبروں کا علم ہے لیکن یہ کہ وہ ابھی اس سلسلے میں کوئی بھی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ آسٹریلوی حکومت نے بھی مزید کوئی تبصرہ کیے یا تفصیلات بتائے بغیر فقط کابل میں اپنے سفارت خانے کے حوالے سے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ اُس کے ایک شہری کو ممکنہ طور پر اغوا کر لیا گیا ہے۔کینبرا حکومت نے اپنے ایک بیان میں آسٹریلوی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ افغانستان کا سفر نہ کریں کیونکہ وہاں اغوا کر لیے جانے کا سنگین خطرہ موجود ہے۔امیریکن یونیورسٹی آف افغانستان کا افتتاح 2006ء میں عمل میں آیا تھا، اس میں مغربی دنیا کے بہت سے اساتذہ پڑھا رہے ہیں اور اس میں آج کل ایک ہزار سات سو سے زیادہ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ تاحال اس یونیورسٹی کی جانب سے بھی اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔اغوا کا یہ تازہ واقعہ ایک بار پھر افغانستان میں غیر ملکی شہریوں کو لاحق سنگین خطرات کو واضح کرتا ہے۔ اس واقعے سے تین ہی روز قبل مغربی افغانستان کے شہر ہرات میں طالبان نے برطانیہ، امریکا اور جرمنی سے تعلق رکھنے والے چار سیاحوں کی گاڑی پر فائرنگ کرتے ہوئے اُن میں سے چند ایک کو زخمی کر دیا تھا۔ ان زخمیوں کو بعد ازاں علاج کے لیے کابل پہنچا دیا گیا۔
جرمن صنعتی پیداوار سال کی بلند ترین سطح پر
برلن8؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)جرمنی میں صنعتی پیداوار جون میں رواں برس کی بلند ترین سطح پر دیکھی گئی۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ ماہِ جون میں صنعتی پیداوارصفراعشاریہ سات تک ہو سکتی ہے، تاہم یہ اضافہ صفر اعشاریہ آٹھ فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ جرمن وزارت اقتصادیات کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ اہم پیداواری شعبے میں مصنوعات کی سرمایہ کاری میں دیکھا گیا، تاہم توانائی اور تعمیراتی شعبے میں مندی بھی کمی بھی دیکھی گئی۔